بیجنگ: چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغورخود اختیار خطے کا پہلا لوک فن سیزن 20 اگست سے شروع ہوگا۔
وزارت ثقافت و سیاحت کے اعلیٰ عہدیدار ژانگ جن ننگ نے بیجنگ میں جمعہ کو منعقدہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ لوک فن سیزن کا وزارت ثقافت و سیاحت، خطے کی حکومت اور سنکیانگ پروڈکشن اینڈ کنسٹرکشن کور کی جانب سے مشترکہ طور پر انعقاد کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سنکیانگ میں لوک فن سیزن ایک باقاعدہ آرٹ ایونٹ ہو گا جو ہر دو سال بعد منعقد کرایا جائے گا ،اس کا مقصد مقامی ثقافتی زندگی اور سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
ژانگ نے کہا کہ مقامی فنکار اور لوک فن کے گروپ اپنا بہترین فن پیش کریں گے، ملک کے دیگر علاقوں سے بھی معروف لوک فنکاروں کو مدعو کیا جائے گا۔ لوک فنکاروں کی جانب سے علاقائی دارالحکومت ارمچی اور خطے کے کئی دوسرے شہروں میں فن کا مظاہرہ پیش کیا جائے گا۔
