اسلام آباد: سینیٹ اراکین نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد ندیم ہمارا ہیرو ہے، ملک کا نام روشن کرنے پر سراہا جانا چاہئے جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ارشد ندیم کو واپسی پر انعام دینے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی۔
سینیٹر مسرور احسن نے اولمپکس میں گولڈمیڈل جتنے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے ملک کا نام روشن کیا ہے، اس کو سراہا جانا چاہئے۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا بلاشبہ ارشد ندیم نے ملک کا نام روشن کیا وہ ہمارا قومی ہیرو ہے، یہ ایوان ارشد کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔
سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کہا کہ ایوان میں ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے قرارداد پاس ہونی چاہئے، میں قرارداد پیش کردوں گا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ ارشد ندیم واقعی قومی ہیرو ہے، ارشد ندیم کو قوم اور ایوان کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، واپسی پر اسے انعام دیں گے اور اعزاز میں عشائیہ بھی رکھیں گے۔بعد ازاں سینیٹر زرقا سہروردی کی جانب سے نامکمل کورم کی نشاندہی پر اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔