اسلام آباد: ترنول میں غیر ت کے نام پر دوہرے قتل کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے ترنول میں غیرت کے نام پر دوہرے قتل کا مقدمہ مقتولین کے ورثاء کی جانب سے مدعی نہ بننے پر سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا، مقدمہ قتل اعانت سمیت مجموعی طور پر 3 دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں باپ بیٹے سمیت 4 افراد کو ملزمان نامزد کیا گیا ہے، مقدمے کے مطابق مقتولین کو ناجائز تعلقات کی بناء پر تیز دھار آلے کے وار سے بے دردی سے قتل کیا گیا۔پولیس کے مطابق مرکزی ملزم کے بھائی نے بیرون ملک سے پولیس سے رابطہ کر کے اقرار جرم کرلیا ہے،جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرکے فارنزک کیلئے بھجوا دیئے ہیں۔