بیجنگ: چین کے خلائی اسٹیشن پر شینژو-18 مشن کے خلابازوں نے فائر الارم ٹیسٹ کرتے ہوئے تین ماڈیول پر مشتمل خلائی اسٹیشن کے اندرآگ کا پتہ لگانے والے سینسرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
چین کی عملہ بردار خلائی ایجنسی کی جانب سے جاری تازہ ترین ویڈیوز میں تینوں خلابازوں کو درجہ حرارت اور دھواں کا پتہ لگانے والے خصوصی آلات کا استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
تینوں خلابازوں نے خون کے نمونے بھی لیے۔ خون کے معمول کے معائنے کے علاوہ، کچھ نمونے کم درجہ حرارت پر محفوظ کیے جائیں گے اور مزید طبی تحقیق کے لیے زمین پر واپس بھیجے جائیں گئے۔
خلائی ایجنسی کے مطابق، خلابازوں کے بلڈ پریشر، دل کی دھڑکن اور پھیپھڑوں کی کارکردگی سے متعلق متعدد طبی معائنے کیے جائیں گے۔
شینژو- 18 کے خلاباز اپریل کے آخر میں خلائی اسٹیشن پر پہنچے تھے جہاں انہوں نے اپنے چھ ماہ پر مشتمل مشن کی آدھی سے زیادہ مدت مکمل کرلی ہے۔خلاباز وں نے دو بار اسپیس واک اور کئی سائنسی تجربات کئے۔