اسلام آباد: ملک بھر میں شدید گرمی کے دوران بجلی کا شارٹ فال 5ہزار 600 میگا واٹ تک پہنچ گیا جبکہ مختلف علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے عوام ذہنی اذیت میں مبتلا ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 600 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق اس وقت ملک میں بجلی کی طلب 25ہزار میگاواٹ جبکہ مجموعی پیداوار 19ہزار 400 میگاواٹ ہے۔ ذرائع کے مطابق اس وقت پن بجلی ذرائع سے 700میگاواٹ ،تھرمل پاور پلانٹس سے 540میگاواٹ ، ونڈ پاور پلانٹس سے 900 میگا واٹ ،سولر پاور پلانٹس سے 172، بگاس سے 123میگاواٹ ، نیوکلیئر پاور پلانٹس سے 3ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار ہورہی ہے جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھر7ہزار 600میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔
ملک بھر میں شدید گرمی کے دوران اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث عوام ذہنی اذیت کا شکار ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6سے 8گھنٹے، دیہی علاقوں میں 8سے 10گھنٹے جبکہ لائن لاسز والے علاقوں میں 12سے 14گھنٹے ہے۔
