بیجنگ: چین کے شمالی صوبے شنشی میں ایک انتہائی تیز رفتار ٹرین میگ لیو کی کامیاب آزمائش کی گئی ہے، ایک ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرنے والی میگ لیو ٹرین میں یہ نئی پیشرفت ہے۔
روزنامہ سائنس و ٹیکنالوجی ڈیلی کے مطابق چائنہ ایرو اسپیس سائنس اینڈ انڈسٹری کارپوریشن لمیٹڈ اور شنشی کی مشترکہ طور پر تیار کردہ یو ایچ ایس کم ویکیوم ٹیوب مقناطیسی لیوٹیشن ٹرانسپورٹیشن سسٹم نے اپنے مکمل جسامت کے ساتھ آزمائش مکمل کی۔
یہ تجربہ ایک سپر کنڈکٹنگ میگ لیو گاڑی کی مدد سے 2 کلومیٹر طویل پائپ لائن میں کیا گیا جس میں کم ویکیوم ماحول مہیا کیا گیا تھا ۔ رپورٹ کے مطابق نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹرین نے پہلے سے طے شدہ موڑ پر مکمل طور پر قابو میں سفر کیا اور مستحکم انداز میں رفتار کرتے ہوئے محفوظ طریقے سے رک گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آزمائش میں اس بات کا علم ہوا کہ زیادہ سے زیادہ رفتار اور رفتار کم کرنے کا عمل پہلے سے طے شدہ افعال کے مطابق تھا۔ اس دوران تمام نظام معمول کے مطابق کام کرتے رہے اور گاڑی کا ٹریک پر چلنے کا عمل تھیوری کے قریب تر تھا۔
اس آزمائش میں طویل فاصلے، بڑے پیمانے پر ویکیوم ماحول، سپر کنڈکٹنگ نیویگیشن کنٹرول اور دیگر کلیدی ٹیکنالوجیز کی موجودگی اور ان دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ کم ویکیوم ماحول میں مختلف نظاموں کے درمیان مربوط اور پورے نظام کی کارکردگی کو بھی جانچا گیا اور اس کی تصدیق ہوئی۔
یانگ گاؤ کاؤنٹی میں یو ایچ ایس میگ لیو ٹرانسپوٹیشن نظام کی تعمیر اپریل 2022 میں شروع ہوئی تھی ۔ اس میں زمینی ریلوے نقل و حمل کی ٹیکنالوجی کے ساتھ ایرو اسپیس ٹیکنالوجی بھی ضم کی گئی تاکہ ٹرین کی ایک ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی جاسکے۔
یہ نظام مستقبل میں چین کے بڑے شہروں کے درمیان نقل و حمل میں استعمال کیا جائے اس کے ذریعے بیجنگ سے شنگھائی سفر صرف ڈیڑھ گھنٹے میں ممکن ہوسکے گا۔