اسلام آباد: پی ٹی آئی نے ترنول جلسے کا این او سی منسوخ کرنے پر اسلام آبادہائیکورٹ میں توہین عدالت درخواست دائر کردی۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماء شعیب شاہین نے ترنول جلسے کا این او سی منسوخ کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔درخواست میں چیف کمشنر ، ڈی سی، آئی جی، ایس ایچ او تھانہ ترنول و دیگر کوفریق بناتے ہوئے موقف اپنایا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے 3جون کو جلسے کے این او سی کیلئے رجوع کیا، ڈی سی اسلام آباد نے 4جولائی کو عدالت کو بتایا کہ این او سی جاری کردیا گیا ہے۔
جس کے بعد عامر مغل سرکاری حکام کو جلسہ گاہ کے دورے پر لے جانے کیلئے ڈی سی آفس گئے، جہاں انہیں گرفتار کرلیاگیا۔درخواست میں کہا گیاہے کہ ٹوئٹ کے ذریعے معلوم ہوا پی ٹی آئی کے جلسے کا این او سی منسوخ کر دیا گیا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود ترنول جلسے کا این اوسی معطل کرنا توہین عدالت ہے۔استدعا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ این او سی معطل کرنے والوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔