چین کے شمالی شہر تھیان جن کے تھیان جن ریلوے سٹیشن پر مسافر بیجنگ جانے والی بلٹ ٹرین پر انتظار کر رہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین میں 2024 کے دوران زبردست معاشی سرگرمیوں اور صارفین کے بھرپور اخراجات سے ریل اور فضائی سفر میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔
چائنہ سٹیٹ ریلوے گروپ کمپنی لمیٹڈ کے مطابق ملک کے ریلوے نیٹ ورک نے 2024 میں 4.08 ارب مسافر دورے انجام دئیے جو گزشتہ سال کی نسبت 10.8 فیصد زائد ہیں۔
چین کی شہری ہوابازی انتظامیہ(سی اے اے سی) کے تازہ ترین اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2024 میں فضائی مسافر سفر ریکارڈ 73 کروڑ تک پہنچ گئے جن میں گزشتہ سال کی نسبت 18 فیصد اضافہ ہوا۔
گزشتہ سال کی پہلی 3 سہ ماہیوں میں چین میں 4.24 ارب مقامی سفر ہوئے جو گزشتہ سال کی نسبت 15.3 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔مقامی سیاحوں کے مجموعی اخراجات تقریباً 43.5 کھرب یوآن(تقریباً 605 ارب امریکی ڈالر) رہے جو گزشتہ سال کی نسبت 17.9 فیصد زائد ہیں۔
مقامی سفری منڈی میں گہما گہمی کے علاوہ گزشتہ سال بین الاقوامی سفر میں بھی اضافہ ہوا۔اندرون ملک اور بیرون ملک سیاحت دونوں میں اضافہ ہوا۔
ملک کی پھیلتی ہوئی ویزا فری سفری پالیسی اس کی صدیوں پرانی روایات اور جدید ٹیکنالوجی کے امتزاج کو دیکھنے کے لئے بین الاقوامی سیاحوں کی جوق در جوق آمد کا باعث بنی ہے۔
یہ تیز تر سفری رفتار بہار میلے کے سفری رش میں بھی جاری رہنے کی توقع ہے جو کہ چین کے نقل و حمل کے نیٹ ورک کے روایتی عروج کا عرصہ ہے۔اس سال سفری رش 14 جنوری سے 22 فروری تک چلےگا۔