بیجنگ: شِنہوا نیوز ایجنسی کے صدر فو ہوا نے بیجنگ میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے سیکرٹری جنرل کاؤ کم ہورن سے ملاقات کی۔ جمعرات کوہونے والی ملاقات میں فو ہوا نے کہا کہ چین-آسیان جامع تزویراتی شراکت داری نے مستحکم ترقی کی رفتار کو برقرار رکھا ہے اور دو طرفہ تعاون کے نتیجہ خیز فوائدحاصل ہوئے ہیں۔ فوہوا نے کہا کہ شِنہوا آسیان کی سرگرمیوں اور پالیسیوں کی بروقت اور درست طریقے سے کوریج اور اپنی نیوز رپورٹس کے ذریعے چین-آسیان دوستانہ تعاون کو واضح کرنے کے لیے آسیان سیکرٹریٹ کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔
شِنہوا کے صدرنے کہا کہ ان کا ادارہ آسیان ممالک کے مرکزی دھارے کی میڈیا تنظیموں کے ساتھ بہتر تعاون اورعالمی میڈیا سمٹ اور دیگر کثیر جہتی میکانزم کے ذریعے ان کے ساتھ فعال رابطے برقرار رکھے ہوئے ہے،انہوں نے اس امید کا اظہارکیا کہ نیوزرپورٹس،اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور دونوں جانب کے میڈیا نمائندوں کے درمیان رابطوں کے حوالے سے تعلقات مضبوط ہوں گے۔
اس موقع پر کاؤ نے کہا کہ ایک عالمی خبر رساں ایجنسی کے طور پر، شِنہوا نے عالمی سامعین کو بروقت، درست اور وسیع پیمانے پر رپورٹیں فراہم کی ہیں اور مختلف ممالک کے لوگوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آسیان سیکرٹریٹ شنہوا کے ساتھ تعاون کو مضبوط کرنے کا منتظر ہے تاکہ علاقائی اور عالمی سطح پر آسیان کی آواز کو پہنچایا جا سکے۔