گلگت : وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس لون نے کہا ہے کہ گماری میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں چلاس بس فائرنگ واقعے کا ماسٹر مائنڈ شاہ فیصل ہلاک جبکہ ایک دہشت گرد زاہد اللہ زخمی ہوگیاہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس لون نے بتایا کہ ضلع دیامر تحصیل داریل گاؤں گماری میں خفیہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں چلاس بس فائرنگ واقعے کا ماسٹر مائنڈ و انتہائی مطلوب دہشت گرد شاہ فیصل ہلاک ہوگیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ تبادلے میں ایک بچی، ایک بزرگ،4 سیکیورٹی اہلکار اور ایک خطرناک دہشت گرد زاہد اللہ زخمی ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں کئی گھنٹوں سے جاری فائرنگ تبادلے سے حالات کشیدہ ہیں، جلد میڈیا کو تمام حالات سے آگاہ کیا جائے گا۔