اسلام آباد: سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ شہید اسماعیل ہنیہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، مسجد اقصی کو صہیونی غاصبوں سے آزاد کرانا مسلمانوں پر فرض ہے، امت مسلمہ کسی صورت مسجد اقصی، فلسطین کی آزادی سے دستبردار نہیں ہوگی، پاکستانی قوم فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کیساتھ ہے۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن نے دوحہ میں خالد مشعل سمیت دیگر حماس رہنماؤں سے ملاقات کی اور اسماعیل ہنیہ شہید کی شہادت پر تعزیت کااظہار اور فاتحہ خوانی کی ۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے قائد جمعیت فضل الرحمن نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر پورا عالم اسلام افسردہ ہے،ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ہنیہ کی شہادت سے فلسطین کی جدوجہد آزادی کو تقویت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ مسجد اقصی کو صہیونی غاصبوں سے آزاد کرانا مسلمانوں پر فرض ہے،فلسطینی عوام اورامت مسلمہ کسی صورت مسجد اقصی اور فلسطین کی آزادی سے دستبردار نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی اور پوری پاکستانی قوم فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہے۔