جمعرات, جنوری 23, 2025
تازہ ترینعراق جانیوالے زائرین سے پاسپورٹ نہ لینے کی تجویز فوری اقدامات کی...

عراق جانیوالے زائرین سے پاسپورٹ نہ لینے کی تجویز فوری اقدامات کی متقاضی ہے،محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاہے کہ عراق جانیوالے زائرین سے پاسپورٹ نہ لینے کی تجویز فوری اقدامات کی متقاضی ہے، امید ہے عراقی حکومت اس ضمن میں جلد حتمی فیصلہ کرے گی،عراقی پولیس کی تربیت کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے، سیف سٹی پراجیکٹ میں ہر سطح پر معاونت فراہم کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق عراق کے ریپڈ رسپانس یونٹ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹر تہامیر اسماعیل کی سربراہی میں اعلی سطحی وفد نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی ،وفد میں بریگیڈیئر جنرل کمانڈر آف پروٹیکشن رجمنٹ عقیل کاظم، بریگیڈیئر جنرل عبدالحسین، محمد سہیل اور دیگر شامل تھے جبکہ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور ایم ڈی این آر ٹی سی بریگیڈیئر محمد عاصم بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستانی زائرین سے عراق میں پاسپورٹ نہ لینے اور زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں عراقی پولیس کو پاکستان میں تربیت دینے ،سیف سٹی پراجیکٹ میں تعاون ،غیر قانونی ایمیگریشن اور انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے باہمی اشتراک کار بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی۔

وزیر داخلہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق جانے والے زائرین سے پاسپورٹ نہ لینے کی تجویز فوری اقدامات کی متقاضی ہے، امید ہے عراقی حکومت اس ضمن میں جلد حتمی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عراقی بہن بھائیوں کیلئے ویزا فری کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے جس پر جلد عمل شروع ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عراقی پولیس کی تربیت کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے، سیف سٹی پراجیکٹ میں عراق کو ہر سطح پر معاونت فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمانڈر عراقی ریپڈ رسپانس یونٹ لیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹر تہامیر اسماعیل نے کہا کہ پاکستانی زائرین سے پاسپورٹ نہ لینے کے حوالے سے ڈی جی پاسپورٹ سے بات کی جائے گی، امید ہے کہ مسئلہ حل ہو جائے گا، پاکستان سے آنے والے بہن بھائی ہمارے لئے قابل احترام ہیں۔وفد نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو عراق کے دورے کی بھی دعوت دی۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!