بیجنگ: چین کا 2030 تک اپنی مجموعی غیر ملکی تجارت کا 40 فیصد آزاد تجارتی علاقوں( ایف ٹی ایز) کے نیٹ ورک سے حاصل کرنے کا منصوبہ ہے۔
وزارت تجارت کے بین الاقوامی تجارت کے نائب نمائندے لی یونگ جی نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ چین وسیع تر معاشی کھلے پن اور اصلاحات کو فروغ دیتے ہوئے مزید ممالک اور خطوں کے لیے اپنے ایف ٹی اے کے عالمی نیٹ ورک کو مزید وسعت دے گا۔
چین نے اب تک 29 ممالک اور خطوں کے ساتھ 22 آزاد تجارتی معاہدوں پر دستخط کررکھے ہیں جو اس کی غیر ملکی تجارت کا ایک تہائی حصہ ہیں۔
لی نے ٹرانس پیسیفک پارٹنرشپ کے جامع اور ترقی پسند معاہدے ( سی پی ٹی پی پی) میں شمولیت،چین-آسیان ایف ٹی اے کے ورژن 3.0 پر بات چیت کو جلد از جلد مکمل کرنے اور چین، جاپان، جنوبی کوریا اور دیگر ممالک کے درمیان ایف ٹی اے کو فروغ دینے کے لیے ملکی کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ چین نئے ایف ٹی اے معاہدوں میں ٹیرف سے مستثنی مصنوعات میں اضافہ کرے گا،ٹیلی کام، صحت اور سیاحت کے شعبوں کو مزید کھولے گا اورڈیجیٹل اور ماحول دوست معیشت، املاک دانش حقوق، اور معیارات کی باہمی شناخت کے قواعدکو ان میں شامل کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اعلی معیار کے بین الاقوامی اقتصادی وتجارتی قوانین کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کے لیے، ملک جائیداد کے حقوق کے تحفظ، صنعتی سبسڈیز، ماحولیاتی تحفظ، مزدوروں کے تحفظ، سرکاری خریداریوں ، ای کامرس، مالیاتی شعبے اور دیگر شعبوں میں اصلاحات کو فروغ دے گا۔
