دوحہ: شہید حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ دوحہ کی مسجد امام محمد بن عبدالوہاب میں ادا کر کے الوسیل قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد حماس کے شہید سربراہ اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ مسجد امام محمد بن عبدالوہاب میں ادا کردی گئی جس میں دنیا بھر سے آئے اعلی سطحی وفود اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر لوگ اشک بار تھے ،سوگواروں نے فلسطینی پرچم تھام کر فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی مخالفت میں نعرے بازی کی۔
اس موقع پر فضاء نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور کلمہ شہادت سے گونجتی رہی ۔شرکاء نے امت مسلمہ کے عروج اور فلسطین کو صیہونی ریاست کے شکنجے سے آزادی دلانے میں جان قربان کرنے والے اسماعیل ہنیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد اسماعیل ہنیہ کو الوسیل قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔