کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نادہندگان سے ایک کھرب 38 ارب روپے کی وصولی میں ناکام ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق جاری آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے اور مختلف لائسنس دہندگان کے معاہدوں کی ماہانہ لائسنس فیسوں کو عمل میں لانا تھا تاہم وہ ایک کھرب 38ارب سے زائد رقم کے واجبات کی وصولی میں قاصر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق عدم وصولی کی نشاندہی جنوری سے مئی 2023 میں کی گئی تھی۔اتھارٹی نے معاملے پر جواب دیتے ہوئے بتایا تھا کہ پی آئی اے سمیت ڈیفالٹرز کی واجبات کی وصولی کی کوششیں جاری ہیں۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق سی اے اے کا جواب مسترد کردیا گیا کیونکہ اتھارٹی کے ساتھ یہ معاملہ پہلے بھی اٹھایا گیا تھا لیکن پھر بھی وصولی نہیں کی گئی۔آڈیٹر جنرل نے لائسنس معاہدوں کے تحت مناسب کارروائی کی سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نادہندگان کے لائسنس معطل ، ڈیفالٹر رقم پر جرمانے عائد کئے جائیں، اگر نادہندگان بقایا رقم ادا کرنے سے قاصر ہیں تو قسطوں میں بقایا رقم کی بتدریج وصولی کیا جائے اور واجبات کی عدم وصولی پر سی اے اے کے غفلت برتنے والے افراد کیخلاف ذمہ داری کا تعین کیا جائے۔